پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے پر اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت 18دسمبر تک ملتوی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) سیشن عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے پر اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت 18دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا کے چھٹی پر ہونے کی بنا پر کیس کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 18دسمبر تک ملتوی کی گئی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے ایڈووکیٹ فائزہ عباسی کی وساطت سے تھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے قانون سے بالا تر ہو کر مسلم لیگی کارکنوں پر تشدد کیا،پولیس کے تشدد سے متعدد لیگی کارکن زخمی بھی ہوئے،پولیس متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہیں کررہی ۔استدعا ہے کہ عدالت تھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او کو تششدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔