سپریم کورٹ نے افضل کھوکھر ،سیف الملوک کھوکھر کے نام(ای سی ایل) میں ڈالنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:55

سپریم کورٹ نے افضل کھوکھر ،سیف الملوک کھوکھر کے نام(ای سی ایل) میں ڈالنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی ای) سٹی از خود نوٹس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور ان کے بھائی رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے اور کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ نے لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے ہاؤسنگ سٹی کے بارے میں از خود نوٹس پر سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے باور کرایا کہ بہت سی شکایات مل رہی ہیں اور لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ساتھ ہی چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون ہے افضل کھوکھر جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل امتیاز کیفی نے بتایا کہ افضل کھوکھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس پاکستان نے افضل کھوکھر اور ان کے بھائی سیف الملوک کھوکھر کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ نہیں آتے تو ایس ایس پی کو کہیں کہ انہیں پیش کرے۔ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے دونوں لیگی رہنماؤں کی جائیداد کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔سپریم کورٹ کے حکم پر کھوکھر برادران سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت عظمیٰ نے لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔بعدازاں عدالت نے دونوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔