اپوزیشن کا سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر تک دونوں ایوانوں کے بائیکاٹ پر اتفاق

حتمی منظوری پیر کو اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں لی جائیگی ،ْ ذرائع پیپلزپارٹی اور متحدہ مجلس عمل نے بھی بائیکاٹ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:47

اپوزیشن کا سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر تک دونوں ایوانوں کے بائیکاٹ پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) اپوزیشن میں خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ پر اتفاق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے بائیکاٹ کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے جس کے بعد اپوزیشن کے درمیان سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے بائیکاٹ پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ مجلس عمل نے بھی بائیکاٹ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی منظوری پیر کو اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں لی جائے گی جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے معاملے قانونی ماہرین سے مشاورت کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار کیا اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے خواجہ سعد کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ (ن) لیگ نے قومی اسمبلی کے رواں سیشن کا بائیکاٹ بھی کیا ۔