نیوزی لینڈ کی وزیراعظم مشکل میں پھنس گئیں‘موبائل نمبر تبدیل کرنے پر مجبور

دس سال سے میرا یہی فون نمبر چل رہا ہے‘ گزشتہ سال 50ہزار سے زائد پیغامات موصول ہوئے‘خاتون وزیراعظم

اتوار 16 دسمبر 2018 12:50

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) نیوزی لینڈ کی خاتون وزیراعظم کو گزشتہ سال فون پر 50ہزار سے زائد پیغامات موصول ہوئے جن میں سے ایک ایسا تھا کہ اس نے وزیراعظم کو بڑی مشکل میں پھنسا دیا اور اب انہیں اپنا نمبر تبدیل کرنا پڑ رہا ہے۔ نیوزی لینڈ حکومت کو جمہوریہ چیک کے سزا یافتہ منشیات سمگلر کیرل سروبیک کو پناہ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرنا تھا، اسی دوران وزیراعظم جیسنڈرا ایرڈرن کو وہ پیغام موصول ہوا جس کی وجہ سے وہ اپوزیشن کی تنقید کے نشانے پر آ گئیں۔

یہ پیغام کیرل سروبیک کے ایک حامی ریچی ہارڈ کور کی طرف سے آیا تھا جس میں وزیراعظم جیسنڈا سے سفارش کی گئی تھی کہ وہ کیرل کے مجرمانہ ماضی کے باوجود انہیں ملک میں پناہ دے دیں۔رپورٹ کے مطابق اس پیغام کے باعث اپوزیشن وزیراعظم جیسنڈا کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے کیرل سروبیک کے متعلق پہلے مختلف فیصلہ کیا تاہم اس پیغام کے اثر میں آ کر وزیراعظم نے اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا۔

اپوزیشن کی اس تنقید پر وزیراعظم جیسنڈا کا کہنا ہے کہ ’’میرے پاس گزشتہ 10سال سے یہی فون نمبر چل رہا ہے اور مجھے ہزاروں کی تعداد میں پیغامات موصول ہوتے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں مجھے 50ہزار سے زائد پیغامات بھیجے گئے تاہم میں اجنبی لوگوں کی طرف سے آنے والے پیغامات کو سنجیدہ نہیں لیتی اور نہ ہی ان کی بنیاد پر اپنے فیصلے تبدیل کرتی ہوں۔ میں سروبیک کو ملک میں پناہ دینے کے فیصلے میں شامل ہی نہیں تھی، چنانچہ اس پر اس شخص کے پیغام کے اثرانداز ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم اب لگتا ہے کہ مجھے اپنا فون نمبر تبدیل کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :