شوگر کرشنگ سیزن 2018-19کے آغاز کے 7روز بعد ہی رحیم یار خان کی شوگر ملز نے گنے کی خریداری شروع کر دی

اتوار 16 دسمبر 2018 22:00

رحیم یارخان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) شوگر کرشنگ سیزن 2018-19کے آغاز کے 7روز بعد ہی رحیم یار خان کی پانچوں شوگر ملز نے ایک دوسرے کی حدود سے گنے کی خریداری شروع کر دی ہے ،گنے کی کم کاشت کے پیش نظر سندھ کی شوگر ملز نے رحیم یار خان میں گنے کے بڑے کاشت کاروں سے 200روپے میں پیشگی بکنگ شروع کر رکھی ہے ،ذرائع کے مطابق ابھی شوگر کرشنگ سیزن 2018-19کو شروع ہوئے سات آٹھ روز ہی ہوئے ہیں کہ شوگر ملز نے اپنی حدود کے کاشت کاروں کو پرمٹ کا اجرائ کم کر کے دوسری شوگر ملوں کی حدود سے گنے کی خریداری بڑھا دی ہے ،دوسری تحصیلوں سے گنا لانے والے کاشت کاروں کو پرمٹ کے اجرائ کے ساتھ ساتھ گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو جلد خالی کرائی جا رہی ہیں۔

گنے کی کم کاشت اور نہری پانی کی قلت کی وجہ سے پیداوار 45سے 50فیصد کم ہے ،جس کی وجہ سے شوگر کرشنگ سیزن 2018-19کا دورانیہ معمول سے کم ہے ،کاشت کاروں پر پریشر بڑھانے کے لیے شوگر کرشنگ سیزن 25روز تاخیر سے شروع ہوا ہے ،تاہم شوگر کرشنگ سیزن کے اغاز کے ساتھ ہی شوگر ملز زیادہ گنا خریدنے کے چکروں میں ہیں ،سندھ کی شوگر ملز رحیم یار خان میں قومی شاہراہ سے ملحقہ علاقوں میں گھیتوں سے گنا نقد رقم ادا کرکے اٹھا رہے ہیں ،جبکہ سندھ میں گنا سپلائی کرنے پر شوگر ملز 15سے 20روپے فی من کرایا دے رہی ہیں ،ضلع بھر میں سندھ کی شوگر ملز ایجنٹوں کے زریعے بڑے کاشت کاروں کے ساتھ کھیت سے گنا خرید کرنے کے 200روپے فی 40کلو میں معاہدے کر رہی ہیں ،ادھر صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ضلع بہاول پور میں واقع اشرف شوگر مل کا اچانک دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شوگر مل کے باہر گنے کے کاشتکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری نے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے گنے کی فروخت کے لئے مقرر کردہ نرخ 180/-روپے فن من کے حساب سے کاشتکار کو ادائیگی اوردوران وزن جائز کٹوتی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی بے قاعدگی یاغفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ گنے کی ٹرالیوں کی قطاربندی اور وزن کی درست پیمائش سمیت مقررہ نرخ کے حساب سے فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کے مطابق چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر کو شوگر ملوں کی نگرانی کے لیے ہدایت کی گئی ہے ،کاشت کاروں کے لیے شکایات سیل بنائے گئے ہیں ،کاشت کاروں کے ساتھ زیادتی کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کاروائی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :