ماہرین زراعت کی کاشتکار ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال ڈرپ اریگیشن کے ذریعے کرنے کی ہدایت

پیر 17 دسمبر 2018 15:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) ماہرین زراعت کی جانب سے کاشتکاروںکو بیلوںوالی سبزیوں میں نر و مادہ پھول الگ الگ ہونے کے باعث ہاتھ سے اخلاط نسل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ مذکور ہ سبزیوں میں اخلاط نسل خود بخود نہیں ہو سکتا لہٰذا یہ عمل ہاتھ سے کرنا چاہیے اور ٹنل ٹیکنالوجی میں یہ عمل اس وقت تک جاری رکھناچاہیے جب تک ٹنل سے پلاسٹک نہ اتار دیا جائے کیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد اخلاط نسل کا کام مکھیاں سر انجام دے لیتی ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے کہاکہ ٹنل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے پودوں کی ترتیب ، ان کی کانٹ چھانٹ اور گوڈی وغیرہ کابھی خاص خیال رکھنا ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال ڈرپ اریگیشن کے ذریعے کریں اور سپرے و کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کامنہ بند نہ کیاجائے کیونکہ گیس پیداہونے سے ٹنل کے اندر سبزیوں کی پیداوار کو نقصان پہنچ سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔