آرٹس کونسل کراچی میں عالمی انسانی حقوق پر فنی وثقافتی آگاہی تقریب کا انعقاد

منگل 18 دسمبر 2018 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کی اہمیت کو موثر طریقے سے اُجاگر کرنے کیلئے تحریک نسواں نے سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر 16 دسمبر کی صبح 11 بجے دن 2 بجے تک آرٹس کونسل کراچی کے آڈیٹوریم میں ایک ثقافتی تقریب کا اہتمام کیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر تحریک نسواں کی بانی شیما کرمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناخواندگی ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی اکثریت انسانی حقوق سے ناواقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آج کی اس تقریب کا مقصد بھی یہی ہے کہ عام لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے شعور و آگاہی فراہم کی جائے، اس اہم کام کو سرانجام دینے کیلئے ہمارے ساتھ سرکاری اور غیر سرکاری تنظیمیں جن میں سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پی این ایف ڈبلیو ایچ، مہرور آرٹ پروڈکشن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان، ہم آواز، پیس اینڈ ڈوپلمنٹ آرگنائزیشن، وومن ڈوپلمنٹ فاؤنڈیشن، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اور آنچل سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن سندھ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شیماکرمانی نے کہا کہ ان مختلف تنظیموں کو باہم یکجا کرنے کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ مختلف طبقوں اور مختلف سوچ کے لوگ آپس میں میل جول کریں، روابط بڑھائیں، ایک دوسرے کے مسائل پر غور کر کے انسانی حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب آزادی کے ساتھ اپنے فارمنگ آرٹس وثقافت کا سہارا لیتے ہوئے لوگوں میں یہ احساس اجاگر کریں کہ انسان ہونے کے ناطے ان کے بنیادی پیدائشی حقوق کیا ہیں اور آئین کی رو سے ریاست اس کو کون سے حقوق دینے کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی، تھیٹر، رقص و تقریر کے رنگوں سے سجی اس خوبصورت تقریب میں کراچی کی دیہی و شہری دونوں علاقوں کے عوام شامل ہیں۔ تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے کراچی کے نئے ابھرتے ہوئے نوجوان لڑکے، لڑکیاں اپنے علاقوں کی نمائندگی کرنے کیلئے یہاں موجود تھے۔ تقریب میں ہر عمر و طبقہ فکر کے لوگوں کے علاوہ کراچی کی ممتاز سماجی شخصیات اور ملک کے مشہور گلوکار اریب اظہر بھی شامل ہیں۔