ڈاکٹر اریبہ اور راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا،

تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آئیں گی ‘عثمان بزدار

منگل 18 دسمبر 2018 13:49

ڈاکٹر اریبہ اور راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اریبہ عباسی اور راجہ بشارت کے معاملے پر تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آئیں گی جبکہ اس حوالے سے کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے،صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے اس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعلسازی کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ راجہ بشارت کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوگا، اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔آڈیو لیک کے حوالے سے ابھی پتہ نہیں چلا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کے بعد چیزیں سامنے آجائیں گی، حکومت اداروں میں عدم مداخلت کی پالیسی پر کاربند ہے، کوئی غیر قانونی کام ہوگا اور نہ کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اریبہ کے استعفے کی منظوری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اریبہ نے اپنا استعفیٰ مجھے نہیں بلکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دیا ہے اور وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرکے اسمارٹ کارڈکا اجراء کیا جا رہا ہے، یہ کارڈ اسلام آباد میں چل رہے ہیں، ہم پنجاب میں بھی متعارف کرارہے ہیں، اس سے گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعل سازی کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس کارڈ کے استعمال کے لیے پورے پنجاب میں ساڑھے سات سو مشینیں لگائی جائے گی، اسلام آباد میں اس کارڈ کی قیمت 1500، کراچی میں 700روپے ہے جبکہ پنجاب میں ہم 520روپے میں فراہم کریں گے۔وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے 100روز کے حوالے سے مرکزی تقریب 22دسمبر کو ہوگی۔