برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

برٹش ایئرویز آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن بحال کریگی ،ْ ہفتے میں تین پروازیں اسلام آباد سے ہیتھرو ایئرپورٹ کیلئے آپریٹ کی جائیں گی، نمائندہ برٹش ایئرویز ایئر پورٹ سے جڑواں شہروں تک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا ،ْوزیر تجارت عبد الرزاق دائود پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، سکیورٹی صورتحال بہتر ہے ،ْ برطانوی ہائی کمشنر

منگل 18 دسمبر 2018 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) برٹش ایئرویز نے 10 سال بعد پاکستان کے لیے دوبارہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان برٹش ایئرویز کے نمائندوں نے یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنررچرڈ کراؤڈر، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا اور برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو کے لیے فلائٹ آپریٹ کرے گی۔برٹش ایئرویز کے نمائندوں کے مطابق برٹش ایئر ویز ہفتے میں تین فلائیٹ آپریٹ کریگی ،ْ دو طرفہ ٹکٹ 499 پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔برٹس ایئرویز کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان میں فضائی آپریشن کے لیے تھری کلاس 787 ڈریم لائن طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

نمائندہ برٹش ایئرویز رچرڈ کراؤڈر کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ برطانیہ میں ڈیڑھ ملین لوگوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاکستان آرمی اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ برطانوی تجارت اور سرمایہ کاری پاکستان میں چاہتے ہیں، ایئر پورٹ سے جڑواں شہروں تک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا اور ایئر پورٹ تک ٹرانسپورٹ کی ناقص سہولیات کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا جائیگا۔

نمائندہ برٹش ایئر ویز نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت بہت مشہور ہے اور یہ خوبصورت ملک ہے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پرقائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تیسرا بڑا سرمایہ کار ہے، دونوں ممالک کے تعلقات بہت خاص ہیں، برطانیہ میں 15 لاکھ لوگوں کی آبائی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے، پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا رابطہ دنیا بھر سے قائم رہے۔یاد رہے کہ برٹش ایئرویز نے 2008 میں اسلام آباد میں میرٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔