سی پی ڈی آئی کی ریسرچ سٹڈی میں پنجاب اسمبلی کی ویب سائیٹ کی پہلی پوزیشن

کامیابی پر افسران کو تعریفی اسناد د ی جائیں گی، محمد خاں بھٹی

منگل 18 دسمبر 2018 21:46

لاہور ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے کہا ہے کہ سی پی ڈی آئی (Centre for Peace and Development Initiatives)کی ریسرچ سٹڈی میں پنجاب اسمبلی کی ویب سائیٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، پنجاب اسمبلی کی اس منفر د کامیابی پر افسران کو تعریفی اسناد د ی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی، طلباء اور عوام کو پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ کے ذریعے اسمبلی کی تاریخ ، قانون سازی اور دیگر معلومات تک رسائی میں پنجاب اسمبلی کے آئی ٹی ڈائریکٹر طارق محمو د، پبلک انفارمیشن افسران عبیدہ ہارون اور ہارون احمد خان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پی ڈی آئی ایک سول سوسائٹی آرگنائزیشن ہے جو پاکستان میں امن اور ترقی کے ایشوز اور بہتر قانون سازی اور معلومات تک رسائی کے قوانین کے اطلاق کے بارے میں کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں37 محکموں کی ویب سائٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ریسرچ سٹڈی کے مطابق پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ(www.pap.gov.pk) نے 80% نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر پر محکمہ زکو ة و عشر رہا ، جس نے 61% نمبر حاصل کیے جبکہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے 54% نمبر وں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ہمیشہ اجلاسوں سے متعلقہ تمام تر معلومات اور ایوان کی کاررائی کو اپ ٹوڈیٹ رکھا ہے۔