رنگ گورا کرنے کی کریم کے استعمال سے خواتین کی اموات میں اضافہ

ہفتہ 22 دسمبر 2018 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2018ء) برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رنگ گورا کرنے کی کریم میں ایسے اجزاء شامل ہیں جو آگ کو اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں اور اسی باعث خواتین کی اموات میں اضافہ بھی ہوا۔برطانوی تحقیقاتی ادارے برائے ادویات اور ہیلتھ کیئر(ایم ایچ آر ای)نے رنگ گورا کرنے والی کریم سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے جس کی بنیاد پر ماہرین نے خواتین کو خبردار کیا۔

برطانیہ کے آگ بجھانے والے اداری(فائربریگیڈ)اور فلاحی رضاکاروں کی مدد سے اعداد و شمار جمع کیے گئے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ رواں سال 50 سے زائد خواتین آگ سے جھلس کر ہلاک ہوئیں۔ماہرین کے مطابق رنگ گورا کرنے کی کریم میں ایسے اجزاء شامل کیے جاتے ہیں جو آگ کو بڑھاوا دینے اور اپنی جانب کھینچنے میں مدد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کریم بنانے والی کمپنیاں اس حوالے سے کہیں بھی تنبیہ پیغام درج نہیں کرتیں، اس ضمن میں خواتین میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہرین نے کہاکہ واشنگ پاڈر(سرف)جن کی مدد سے گندے کپڑے دھوئے جاتے ہیں ان میں بھی ایسی اجزا شامل ہوتے ہیں جو آگ کو بڑھاوا دیتے ہیں۔تحقیقاتی ماہرین نے رنگ گورا کرنے کی کریم کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ پروفیسر جیون رین نے کہاکہ ہم نے حکومت کو ایک خط ارسال کیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک تحفظات دور نہیں کیے جاتے تب تک ان کی فروخت بند کی جائے۔ماہرین کے مطابق سردیوں میں خشکی دور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی کریم میں بھی کچی اسی طرح کے اجزاء شامل ہیں جن کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔پروفیسر جون اسمتھ کے مطابق آگ لگنے کی صورت میں زیادہ تر خواتین کے جھلس کر مرنے کے واقعات اسی وجہ سے پیش آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :