پاک افواج نے وطنِ عزیز کی سلامتی کے لئے ہر دور میں قربانیاں دیں ہیں،ملک اسرار الحق ترین

جمعرات 3 جنوری 2019 23:41

ہرنائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2019ء) بی ،اے، پی کے صوبائی رہنماء ممتاز قبائلی شخصیت چیف آف عبدلانی ملک اسرار الحق ترین نے لو رالائی فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ٹریننگ سنٹر پر دہشتگردوں کے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ایسی کارروائیوں سے حکومت اور ملک کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے جوانمردی، بہادری سے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچایا اور امن کے دشمنوں کو موقع نہیں دیا پاک دہرتی کے بہادر سپوتوں پر قوم کا فخر ہے، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اُنہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاک افواج اور خفیہ ایجنسیوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہر دور میں قربانیاں دیں ہیں، اپنی لازوال قربانیوں سے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور آج بھی ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے دریخ نہیں کررہے ہیں۔