پنجاب بھر میں ’’سوائل ہیلتھ کارڈز ‘‘ کی تقسیم شروع کر دی گئی

منگل 8 جنوری 2019 21:25

پنجاب بھر میں ’’سوائل ہیلتھ کارڈز ‘‘ کی تقسیم شروع کر دی گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) فصلات کی پیداوار میں اضافہ کے لیے زمینی تجزیہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ بھر میں13 لاکھ زمینوں کے تجزیہ کاکام مکمل کر لیا ہے اور کاشتکاروں کی معلومات کیلئے 1 لاکھ82 ہزار سوائل ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں مزید3 لاکھ18 ہزار سوائل ہیلتھ کارڈز کا اجراء کیا جائے گا۔

یہ باتیں محکمہ زراعت پنجاب کے حکام نے گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال کو دی گئی بریفنگ میں بتائیں ۔ اجلاس میں واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب سمیت ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)، محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب ، پراجیکٹ ڈائریکٹر زرعی توسیعی سروس2.0 سمیت ورلڈ بینک کے نمائندگان و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت پنجاب اس پراجیکٹ کے تحت کسانوںکی زمینوں کا تجزیہ کرکے ’’سوائل ہیلتھ کارڈ ‘‘ کا اجراء کررہا ہے جس سے کسانوں کو اپنی زمینوں کی غذائی ضروریات کے متعلق جامع معلومات مل سکیں گی اور کاشتکار اس تجزیہ کی روشنی میں اپنی فصلات کو زرعی مداخل بہم پہنچا سکیں گے۔اس پراجیکٹ کے تحت خودکار نظام کے تحت کاشتکاروں کیلئے روبوٹ کال کی سہولت بھی میسر ہے جس کے ذریعے کاشتکار ماہرین سے رابطہ کرکے اپنی معلومات میں اضافہ کیلئے سوالات بھی کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ سوائل ہیلتھ کارڈ زرعی پیداوار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور کاشتکار اس کی روشنی میں صیحح مقدار میں کھاد ،پانی و دیگر زمینی ضروریات کو پورا کر سکیں گے۔ وزیر زراعت پنجاب نے اس تجزیہ کارڈ میں کھادوں کی ضروریات کی مد میں سورج مکھی،کینولہ اور دالوں کی فصلات سے متعلقہ معلومات بھی شامل کرنے کی ہدایت کی اور کاشتکاروں کے مربع نمبر اور فی ایکڑ زمین کے انداراج کا بھی حکم دیا۔tca