وفاقی وزیر مراد سعید (کل) بزنس کمیونٹی کے لئے ایک نئی ایکسپورٹ سروس ای ایم ایس پلس کا افتتاح کریں گے

جمعہ 11 جنوری 2019 22:48

وفاقی وزیر مراد سعید (کل) بزنس کمیونٹی کے لئے ایک نئی ایکسپورٹ سروس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید (کل) ہفتہ کوبزنس کمیونٹی کیلئے نئی ایکسپورٹ سروس ای ایم ایس پلس کا افتتاح کرینگے۔ پاکستان پوسٹ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق اس سہولت کے آغاز کا مقصدجدید مسابقتی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور اپنی مالی صلاحیت کو بہتر سے بہتر بنانا ہے جس کا آغاز(آج) ہفتہ12 جنوری سے کیا جا رہا ہے جسے ای ایم ایس پلس کا نام دیا گیا ہے اس سروس سے کاروباری برادری کو ایک نئی ایکسپورٹ سروس میسر آئے گی۔

ای ایم ایس پلس کے اجراء کا ایک اور بنیادی مقصد برآمدات کے شعبہ میں کام کرنے والے مالیاتی اداروں کی ترسیلات کی رسائی میں پاکستان پوسٹ کی معاونت اور خدمات کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سروس کے اجراء سے پاکستان پوسٹ کو موجودہ مارکیٹ میں میسر مواقع سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے اور اپنی مالی حالت کو سدھارنے کا موقع مل جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اس سروس کا آغاز پاکستان کے تین شہروں لاہور فیصل آباد اور سیالکوٹ سے کیا جائے گا جہاں سے متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا ، تھائی لینڈ، سعودی عرب، جاپان اور برطانیہ میں ترسیلات کی رسائی کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ بعد ازاں اس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اس سروس کو دیگر شہروں تک پھیلایا جائیگا۔

پاکستان پوسٹ کو ایک فعال ‘ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مالی طور پر مستحکم ادارہ بنانے کے لئے کوشاں وفاقی وزیر برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز مراد سعید اور اس سروس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔افتتاحی تقریب ای سی او پوسٹل سٹاف کالج اسلام آباد میں دو پہر دو بجے ہو گی۔ اس موقع پر سیکرٹری پوسٹل سروسز پیر بخش خان جمالی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان سمیت دیگر پوسٹل حکام بھی موجود ہوں گے۔