بی پی ایل:شاہد آفریدی نے کومیلا وکٹورینز کو کامیابی دلا دی

کومیلا وکٹورینز نے راج شاہی کنگز کو پانچ وکٹوں سے ٹھکانے لگا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 جنوری 2019 18:34

بی پی ایل:شاہد آفریدی نے کومیلا وکٹورینز کو کامیابی دلا دی
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جنوری2019ء) پاکستانی آ ل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی کی شاندار کارکردگی کی بدولت کومیلا وکٹورینز نے راج شاہی کنگز کو پانچ وکٹوں سے ٹھکانے لگا دیا۔راج شاہی کنگز سکور بورڈ پر صرف 124رنز سجا سکی، ایسورو اوڈانا32 ، کپتان مہدی حسن میراز 30 ،ذاکر حسن27 اور پاکستان کے محمد حفیظ16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مرد میدان شاہد آفریدی نے تین ،ابو حیدر،لیام ڈاسن اور محمد سیف الدین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کومیلا وکٹورینز نے ہدف 19ویں اوور میں عبور کرلیا۔انعام الحق40، ایون لوئس 28 اور تمیم اقبال 21 رنز بنا سکے،آفریدی 9رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ اس سے قبل شاہد آفریدی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000رنز اور300وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بنے تھے ۔

(جاری ہے)

38سالہ شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرتے ہوئے سلہٹ سکسرز کے خلاف یہ سنگ میل عبور کیا تھا ۔

شاہد آفرید ی اب تک 285ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 18.86کی اوسط سے4055رنز سکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور9نصف سنچریاں شامل ہیں ، مایہ ناز آل راﺅنڈراب تک 22.01کی اوسط سے311وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔ شاہد آفریدی سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔ شاہد آفریدی اب تک285 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں33مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں جو ٹونٹی ٹونٹی فارمیٹ کے دیگر مایہ ناز آل راﺅنڈرز سے زیادہ ہیں ، اس فہرست میں دوسرا نمبر سابق ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر ڈوین براوو کا ہے جنہوں نے 421میچز میں30مرتبہ مین دی آف میچ کا ایوارڈ جیتا، ایک اورویسٹ انڈین آل راﺅنڈر کیرون پولارڈ اب تک435میچز میں27مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی رہ چکے ہیں ، سابق آسٹریلوی آل راﺅنڈر شین واٹسن اب تک279میچز میں28مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں ، بنگلہ دیشی آل راﺅنڈر شکیب الحسن اب تک281میچز میں 22مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی بن چکے ہیں ، سابق پاکستانی ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اب تک253میچز میں21مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں ، ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر آندرے رسل اب تک269میچزمیں21مرتبہ مین آف دی میچ رہ چکے ہیں ۔

یاد رہے کہ شاہد آفرید ی اب تک 284ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 18.81کی اوسط سے4046رنز سکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور9نصف سنچریاں شامل ہیں ، مایہ ناز آل راﺅنڈراب تک 22.19کی اوسط سے308وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔ شاہد آفریدی ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کے بعد4000ٹونٹی ٹونٹی رنز اور300وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بھی ہیں۔