مقدونیا کے نام بدلنے کے فیصلے کا امریکہ خیر مقدم کرتا ہے، مائیک پومپیو

اتوار 13 جنوری 2019 11:30

مقدونیا کے نام بدلنے کے فیصلے کا امریکہ خیر مقدم کرتا ہے، مائیک پومپیو
واشنگٹن ۔ 13 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) امریکا نے مقدونیا کے ’شمالی مقدونیا جمہوریہ‘ نام رکھنے کے لئے آئین میں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ مقدونیاکی پارلیمنٹ کی جانب سے یونان کے ساتھ پریسپا معاہدے کو منظوری دینے کے لئے ضروری آئینی ترامیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے یونان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تنازع کے حل کے لئے مقدونیا کے رہنماؤں کے ’نظریے، جرات اور ہمت‘ کی تعریف کی۔نام کی تبدیلی سے یونان کے ساتھ مقدونیا کا تقریباً 30 برس سے جاری تنازعہ ختم ہو جائے گا، اس کے سبب مقدونیا نیٹو اور یورپی یونین میں شامل ہونے سے محروم تھا۔واضح رہے کہ مقدونیا کی پارلیمنٹ میں گزشتہ جمعہ کو اکثریت نے ملک کے نام تبدیل کرنے سے متعلق ایک آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا۔