سپورٹس ڈیسک

جنوبی افریقہ کی آخری ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، پروٹیز کا پاکستان کو فتح کیلئے 381 رنز کا ہدف، ڈی کوک کی شاندار سنچری، شاداب اور فہیم کی 3، 3 وکٹیں، پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 153 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو فتح کیلئے مزید 228 رنز اور پروٹیز کو 7 وکٹیں درکار

اتوار 13 جنوری 2019 21:40

جوہانسبرگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، کوئنٹن ڈی کوک کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم کی میچ پر گرفت برقرار ہے، جنوبی افریقن ٹیم دوسری اننگز میں 303 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے پاکستان کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 381 رنز کا ہدف دیا، ڈی کوک نے عمدہ بلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں پاکستانی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لئے تھے، پاکستانی ٹیم کو فتح کیلئے مزید 228 رنز اور جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں کی ضرورت ہے، اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 135 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ہاشم آملہ 42 اور ڈی کوک 34 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 102 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 195 تک پہنچا دیا، یہاں پر آملہ 71 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ورنن فلینڈر 14 رنز کر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر ربادا نے کوک کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے مل کر آٹھویں وکٹ میں 79 رنز جوڑ کر سکور 302 تک پہنچا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی، 302 کے سکور پر ڈی کوک 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کی گیند کا نشانہ بنے، ربادا 21 اور ڈونے اولیوائر ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، اسطرح میزبان ٹیم 303 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے گرین شرٹس کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 381 رنز کا ہدف دیا، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 3، 3 محمد عامر نے 2 محمد عباس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو امام الحق اور شان مسعود نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈیل سٹین نے امام الحق کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 35 رنز بنائے، 74 کے سکور پر شان مسعود 37 رنز بنانے کے بعد سٹین کا نشانہ بنے، اظہر علی ایک بار پھر ناکام رہے اور 15 رنز بنانے کے بعد اولیوائر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد بابر اعظم اور اسد شفیق نے دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں پر 153 رنز بنا لئے تھے، گرین شرٹس کو فتح کیلئے مزید 228 رنز اور پروٹیز کو 7 وکٹوں کی ضرورت ہے، اسد 48 اور بابر 17 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سٹین نے 2 اور اولیوائر نے ایک وکٹ لی۔