فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع

پیر 14 جنوری 2019 14:44

فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 21 جنوری پیر سے شروع ہوکر 23 جنوری بدھ تک جاری رہے گی جبکہ سویپنگ و کیچ اپ ڈے کے طورپر محکمہ صحت کی ٹیمیں 24 جنوری جمعرات اور25 جنوری جمعہ کو بھی متحرک رہیں گی تاکہ 5 سال تک کی عمر کاکوئی بھی بچہ پولیو سے بچائو کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔

مزید برآں ڈی سی فیصل آباد سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ پولیو کے وائرس کے موجود خطرات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو چین سے نہیں بیٹھنا چاہیے اور اس سلسلے میں جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے آئندہ مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کاکھوج لگاکر پولیوویکسین کے قطرے پلانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پاکستانیوں کوبیرون ممالک سفر کرنے میں بھی دشواریاں پیش آسکتی ہیں لہٰذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کوپورا کرنے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں اور والدین بھی بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے پولیو مہم کے بارے میں وسیع آگاہی مہم پر عملدرآمد کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں سٹیمرز، رکشوں پربینرز، مساجد میں اعلانات،ریڈیوپروگرامز اور کیبل نیٹ ورک کے استعمال کے ساتھ تشہیر کیلئے دیگر تمام ذرائع استعمال کئے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ اس بار انسدادپولیو مہم میں پرائیویٹ سکولوں،ہسپتالوں،کمرشل وصنعتی اداروں، رضاکارتنظیموں کی معاونت، سکائوٹس، یونیورسٹیز کے طالب علموں اوردیگر اداروں کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ مہم کے دوران ویگنوں وبسوں کے اڈوں پر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا دن رات کام ہوگااورکوئی مسافر گاڑی بچوں کو قطرے پلائے بغیر نہیں نکلے گی اور نہ ہی آنے والی گاڑی میں موجود بچے پولیو قطرے پینے کے بغیر رہیں گے۔انہوں نے انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کے سلسلے میں تربیتی پروگرامز سمیت دیگر نوعیت کے تمام امور کوجامع بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تین روزہ مہم کے بعد دودن کیلئے ’’سویپنگ و کیچ اپ ڈے‘‘کے طور پر ٹیمیں متحرک رہیں گی تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :