ملک بھر میں تپ دق کی16,61,961 رجسٹرڈ مریضوں میں سے 11,95,247 کوسرکاری ہسپتالوں اور مراکز میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، وزرات قومی صحت

پیر 14 جنوری 2019 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) ملک بھر میں تپ دق کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16لاکھ61ہزار961 ہے جن کے علاج معالجہ کیلئے 1340 سرکاری ہسپتال اور مراکز قائم ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے اس بیماری علاج کیلئے نجی شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔وزرات قومی صحت کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں تپ دق کے 1661961 رجسٹرڈ مریضوں میں سے 1195247مریضوں کوسرکاری ہسپتالوں اور مراکز میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکومت نے تپ دق کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے خدمات کو نجی شعبہ میں بھی توسیع دی ہے تاکہ تپ دق کے مریضوں کو بروقت علاج معالجہ کی سہولت مل سکے۔اسی طرح حکومت نے تپ دق کے مریضوں کو ہسپتالوں اور مراکز پر اینٹی تپ دق ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آزادکشمیر میں تپ دق کے ہسپتالوں اور مراکز کی تعداد 63 ہے جبکہ بلوچستان میں ان کی تعداد 122ہے ۔

اسی طرح گلگت بلستان میں ان ہسپتالوں اور مراکز کی تعداد44 اور فاٹا میں ان کی تعداد 27ہے۔تپ دق کے مریضوں کو بروقت تشخص اور علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا میں 241 ہسپتال اور مراکز موجود ہیں جبکہ پنجاب میں ان ہسپالوں اور مراکز کی تعداد 564 ہے۔اسی طرح سندھ میںشہریوں کو تپ دق سے بچانے اور ان کے علاج معالجہ کیلئے 270 ہسپتال اور مراکز ہیںجبکہ اسلام آباد میں 9 ہسپتال اور مراکز ہیں۔