جنوبی وزیرستان میں موبائل نیت ورک کی بحالی کے لئے ابھی متعلقہ سیکیورٹی ایجنسیوں سے اجازت کا انتظار ہے،

جاز کی ایک سائٹ فعال ہے، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات خالد مقبول کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 16 جنوری 2019 14:00

جنوبی وزیرستان میں موبائل نیت ورک کی بحالی کے لئے ابھی متعلقہ سیکیورٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ماضی میں سلامتی کی صورتحال کی وجہ سے اس وقت جنوبی وزیرستان میں جاز کی ایک سائٹ فعال ہے مزید دو کی منصوبہ بندی کی گئی ہے لیکن ابھی تک متعلقہ سیکیورٹی ایجنسیوں سے اجازت کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو علی وزیر کے سوال کے جواب میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات خالد مقبول کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ تجارتی بجلی کی دستیابی‘ لوڈشیڈنگ اور بندش بھی نیٹ ورک کے پھیلائو میں حائل رکاوٹیں ہیں۔

ایوان کو بتایا گیا کہ بعض جغرافیائی علاقے ایسے ہیں جہاں تجارتی نمو پذیری کی وجہ سے سروس نہیں ہے یا سروس کی فراہمی کے مرحلے میں ہے۔ ایسے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے وزارت آئی ٹی کے تحت یونیورسل سروس فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ یو ایس ایف نے جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں کوریج کا تجزیہ مکمل کیا ہے۔ سروس سے محروم 411 موضعات کی براڈ بینڈ پائیدار ترقی پراجیکٹ (جنوبی وزیرستان) لاٹ کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کے لئے 15 جنوری سے ٹینڈر کا آغاز کیا جارہا ہے۔