کینیا: دہشتگرد حملے میں امریکی ، برطانوی شہری سمیت 14 افراد ہلاک

�ھنٹے طویل آپریشن کے دوران سینکڑوں افراد کو بچا لیا گیا ، ہوٹل کو آگ لگانے والے مسلح حملہ آور کوختم کردیا گیا ہے ، صدر اوہورو

بدھ 16 جنوری 2019 23:50

نیروبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پرتعیش ہوٹل کمپلیکس میں ہوئے دہشت گرد حملے میں ایک امریکی اور برطانوی شہری سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 20 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران سیکڑوں افراد کو بچالیا گیا۔ کینیا کے صدر اوہورو کینیاتا کا کہنا تھا کہ ہوٹل کو آگ لگانے والے مسلح حملہ آور کو 20 گھنٹے آپریشن کے بعد ختم کردیا گیا۔

کینیا کے پولیس سربراہ جوزف بوئینیٹ نے حملہ آوروں کے حوالے سے کہا کہ ‘5 دہشت گرد تھے جن کو ختم کردیا گیا ہے’۔صدر اوہورو کیناتا کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 700 شہریوں کو بچالیا گیا ہے۔قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ ڈوسٹ کمپلیکس میں سیکیورٹی آپریشن مکمل ہوچکا ہے اور تمام دہشت گردوں کو ماردیا گیا ہے’۔

(جاری ہے)

کینیا کے صدر کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت ہم 14 معصوم جانوں کے چلے جانے کی تصدیق کر سکتے ہیں جبکہ دہشت گردوں کو مارا گیا اور دیگر زخمی ہیں’۔تفتیشی سربراہ جارج کینوتی کا کہنا تھا کہ ‘دو مشتبہ مرکزی ملزمان’ کو اس حوالے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ شخص کو ایسٹلیگ اور دوسرے نیروبی کے شمال مغربی علاقے رواکا سے گرفتار کیا گیا جہاں پر سیکیورٹی افسران نے کارروائی کی تھی۔شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پولیس ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ 15 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کینیا میں دہشت گرد حملے میں ہلاک افراد میں ایک امریکی شہری بھی شامل تھے۔۔