مردان ،کئی سالوں سے بند سلاٹر ہاؤس کو بہت جلد فعال بنایا جارہا ہے،عبد الغفور بیگ

عوام کو صحت مند گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،قصائیوں کو دکانوں کے آگے جالیاں لگانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں،کمشنر مردان ڈویژن

جمعرات 17 جنوری 2019 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2019ء) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے کہاہے کہ کئی سالوں سے بند سلاٹر ہاؤس کو بہت جلد فعال بنایا جارہا ہے ۔ عوام کو صحت مند گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔قصائیوں کو دکانوں کے آگے جالیاں لگانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں خلاف ورزی کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے گا۔

وہ مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کررہے ہیں۔پریس کلب کے صدر لطف اللہ لطف اور جنرل سیکرٹری ایم بشیر عادل نے انہوں نے پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور صحافیوں کو درپیش مسائل انکے نوٹس میں لائیں۔کمشنر مردان ڈویژن نے کہاکہ میڈیا کالونی میں صحافی برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مردان میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہے اور بہت جلد گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

دکانداروں کو کھانے پینے کی اشیاء پر جالیاں لگانے کے لئے احکامات جاری کئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مردان میںصحافت کا معیار بہت اعلیٰ اور دوسروں کے لئے قابل تقلید ہے۔میڈیا کالونی میں درپیش مسائل کے حل کے لئے ایم ڈی اے حکام کے ساتھ جلد ہی اجلاس منعقد ہو گا جس میں پر یس کلب کے عہدیداران بھی شریک ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ بازاروں میں سرکاری ریٹ پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں اور بار بار جرمانے کے بعد بھی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جیل میں ڈالا جائے گا۔کمشنر نے پنک بس سروس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اس سلسلے میں بہت جلد عبد الولی خان یونیورسٹی کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مردان ڈویژن میں بجلی کے بقایا جات کی مد میں چار کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے اور غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :