سوڈان میں حکومت مخالف مظاہروں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم

صدرعمرالبشیر کے سامنے سوڈان کے چیف جسٹس عبدالمجید ادریس کی موجودگی میں کمیٹی کے ارکان نے حلف اٹھایا

جمعہ 18 جنوری 2019 11:30

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) سوڈان میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیشن قائم کردیاگیا۔ کمیشن کے ارکان نے صدر عمر البشیرکے سامنے اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھایا۔عرب ٹی وی کے مطابق العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوڈان میں احتجاجی مظاہروں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی سنہ 1954ء کے وضع کردہ قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی۔

سوڈان کے چیف جسٹس عبدالمجید ادریس کی موجودگی میں کمیٹی کے ارکان نے حلف اٹھایا۔ وزیر انصاف محمد احمد سالم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ انکوائری کمیٹی میں متعدد وزیر مملکت، وفاقی حکومت کے گورنر،شعبہ اطلاعات، ٹیلی کام، وزارت داخلہ، انٹیلی ایجنسیوں اور پبلک پراسیکیوٹر کے عہدیداروں کو شامل کیاگیا ۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی ملک میں ہونے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں، ان کی وجوہات اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا بھی جائزہ لینے کے بعد پرتشدد مظاہروں کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے گی۔

وزیرانصاف کا کہنا تھا انکوائری کمیشن ہرطرح کے دبائو سے آزاد ہوگا اور وہ مکمل غیر جانب داری کء ساتھ اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔خیال رہے کہ سوڈان کے مختلف شہروں میں حالیہ ہفتوں کیدوران ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران کم سے کم 40 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔