پنجاب حکومت کے وزیر معدنیات نے استعفیٰ دے دیا

ق لیگ سے تعلق رکھنے والے حافظ عمار یاسر نے وزارت کے معاملات میں بے جا مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جنوری 2019 18:51

پنجاب حکومت کے وزیر معدنیات نے استعفیٰ دے دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری2019ء) پنجاب حکومت کے وزیر معدنیات نے استعفیٰ دے دیا، ق لیگ سے تعلق رکھنے والے حافظ عمار یاسر نے وزارت کے معاملات میں بے جا مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کو زبردست دھچکا پہنچا ہے۔ 25 جولائی کے عام انتخابات کے بعد پنجاب حکومت کے کسی بھی وزیر کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کا پہلا واقعہ پیش آیا ہے۔

پنجاب کے وزیر عمار یاسر نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ کو بھجوا دیا ہے۔ استعفے میں کہا گیا ہے کہ میں نے وزارت کا منصب ملک و قوم کی خدمت کے کیے قبول کیا تھا لیکن میری وزارت اور کام میں بلا وجہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

عمار یاسر نے استعفے میں لکھا کہ میں انڈر پریشر کام کرنے کا عادی نہیں، بے جا مداخلت کی وجہ سے اپنی وزارت میں پوری طرح کام نہیں کر پا رہا، اس لیے وزارت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ انہوں نے استعفے کے متن میں ق لیگی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے وزارت کے لیے میرا نام تجویز کیا جس پر احسان مند اور شکر گزار رہوں گا۔ تاہم وزارت کے معاملے میں کیے جانے والی بے جا مداخلت کے باعث مزید کام نہیں کر سکتا۔