ریاض: گرفتار شُدہ غیر قانونی تارکین کی تعداد 24 لاکھ سے بڑھ گئی

گرفتار شُدگان میں سے لاکھوں افراد کو واپس وطن بھیجا جا چُکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جنوری 2019 12:56

ریاض: گرفتار شُدہ غیر قانونی تارکین کی تعداد 24 لاکھ سے بڑھ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری 2019ء) سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 14 ماہ کے دوران جاری آپریشن کے نتیجے میں چوبیس لاکھ اُنسٹھ ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ یہ گرفتاریاں سترہ مختلف سیکیورٹی اداروں اور وزارتوں کے اہلکاروں کے مشترکہ آپریشنز کے نتیجے میں عمل میں آئی ہیں۔یہ افراد اقامہ، لیبر قوانین اور سرحدی سلامتی کی خلاف ورزی کی بناء پر گرفتار کیے گئے۔

اُنیس لاکھ تیرہ ہزار ستائیس افراد اقامہ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے، لیبر قوانین کی بنا پر گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد تین لاکھ چھہتر ہزار دو سو ستاسی نوٹ کی گئی، جبکہ چالیس ہزار چھے سو ستتّر افراد وہ تھے جو سعودی عرب کے سرحدی علاقوں سے مملکت میں در اندازی کی کوششوں کے دوران گرفتار کیے گئے۔

(جاری ہے)

دراندازوں میں 51 فیصد یمنی، 46 فیصد ایتھوپین اور 3 فیصد مختلف ممالک کے تھے۔

اس کے علاوہ ایک لاکھ اُنسٹھ ہزار سات سو چودہ افراد سرحدی سلامتی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے پر گرفتار کیے گئے۔ 3280 افراد غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ اور رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے جُرم میں گرفتار کیے گئے۔ حکام کے مطابق حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے لاکھوں افراد میں سے اب تک تقریباً 7لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔جبکہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے والے ایک ہزار کے قریب شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ’غیر قانونی تارکین وطن سے پاک مملکت‘ کے نام سے شروع کی گئی اس مہم میں 19 سرکاری اور نجی سیکیورٹی ایجنسیز حصّہ لے رہی ہیں، جن میں وزارت محنت و سماجی بہبود کے علاوہ محکمہ جوازات بھی شامل ہے۔