بیٹل ایکس پولو ٹورنامنٹ پی بی جی /ری مائونٹس نے پولو ڈی صوفی کو 9-4 سے شکست دے کر جیت لیا

پیر 21 جنوری 2019 01:10

لاہور۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) لاہور گریژن پولو کلب کے زیراہتمام بیٹل ایکس پولو ٹورنامنٹ پی بی جی /ری مائونٹس نے پولو ڈی صوفی کو 9-4 سے شکست دے کر جیت لیا۔ اس موقع پرگیارہ انفنٹری ڈویژن کے جنرل کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ، لاہور گیریژن پولو کلب کے صدر کرنل (ر) شعیب آفتاب، بریگیڈیئر طارق نیازی، پریذیڈنٹ باڈی گارڈ کے کمانڈنگ آفیسر کرنل رب نواز ٹوانہ، لاہور پولو کلب کے سابق صدر عرفان علی حیدر، ممبرز اور فیملیز کی بڑی تعداد بھی سرد موسم میں زبردست فائنل دیکھنے کیلئے موجود تھی۔

میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے بال پھینک کر میچ کا آغاز کیا۔ پی بی جی /ری مائونٹس اور پولو ڈی صوفی کے درمیان فائنل زبردست رہا مگر پی بی جی /ری مائونٹس کی طرف سے نکلوس رئیوز ٹکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔

(جاری ہے)

پہلے چکر میں پی بی جی /ری مائونٹس کی طرف سے تین جبکہ پولو ڈی صوفی کی طرف سے ایک گول سکور کیا گیا۔

دوسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا۔تیسرے چکر میں پی بی جی /ری مائونٹس کی ٹیم نے دو جبکہ پولو ڈی صوفی کی ٹیم نے ایک گول سکور کیا جبکہ چوتھے چکر میں پی بی جی/ری مائونٹس کی طرف سے تین جبکہ پولو ڈی صوفی کی طرف سے ایک گول سکور کیا گیا۔ اس طرح پی بی جی /ری مائونٹس کی ٹیم نے یہ میچ 9-4 سے جیت لیا۔ جیتنے والی پی بی جی /ری مائونٹس کی طرف سے نکلوس رئیوز اور راجہ سمیع اللہ چار چار جبکہ ثاقب رائیڈر نے ایک گول سکور کیا جبکہ پولو ڈی صوفی کی طرف سے راجہ تیمور ندیم اور صوفی محمد ہارون نے دو دو گول سکور کیے۔

اختتامی تقریب میں میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ جیتنے والی ٹیم پریذیڈنٹ باڈی گارڈز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل رب نواز ٹوانہ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے سیزن میں بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جو خوش آئند بات ہے۔ پی بی جی /ری مائونٹس کی ٹیم نے پورے سیزن میں نہ صرف اچھے ٹورنامنٹ جیتے بلکہ عمدہ کھیل بھی پیش کیا ۔ آرمی پولو ٹیم نے بہت اچھا کم بیک کیا جو پولو کے مستقبل کیلئے بہت اچھا ہے۔

متعلقہ عنوان :