مظفرگڑھ، بچون میں غذائی کمی پوری کرنے کیلئے پروگرام شروع کر دیا گیا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی

پیر 21 جنوری 2019 21:00

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) غذا کی کمی کی وجہ سے بچے مختلف موذی امراض میں مبتلا ہوجاتے ہیں، جس سے ان کی استعداد کار بھی متاثر ہوتی ہے، حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں پنجاب بھر میں غذائی کمی کو پورا کرنے کیلئے پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد محفوظ اور غذائیت سے بھر پور خوراک عوام تک پہنچانا ہے ، یہ بات سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ نے ضلع کمیٹی برائے غذائیت قلت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کی11اضلاع میں ضلع مظفرگڑھ غذائی کمی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے جہاں 5سال تک کی عمر کا ہر دوسرا بچہ غذائی کمی کا شکار ہے ، غذائی کمی کو دور کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھانی ہوگی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ کواڈینیٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبدالقیوم نے بتایا کہ غذائی کمی کے شکار بچوں کے علاج کے ساتھ ساتھ اچھی خوراک کا بھی انتظام کیا جائے، انہوںنے کہا کہ گٹر کے پانی سے سبزیاں ہر گزکاشت نہ کی جائیں، پرائیویٹ ہیلتھ اور ایجو کیشن سیکٹر کو بھی اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق تمام ہائی سکولوں اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہاتھ خشک کرنے کی مشین اور مائع صابن کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے، ضلع کے تمام سکولوںمیں زیر استعمال پانی کا تجزیہ کرایا جائے۔ انہوںنے بتایا کہ سال 2018میں غذائی کی کمی کے باعث ضلع میں 12بچے موت کا شکار بنے ہیں، عوام میں غذائی کمی کو پورا کرنے کا شعور بیدار کرنے کیلئے گائو ںکی سطح پر33کمیٹیاں اور سکولوں کی سطح پر 35واش کلب بنائے گئے جن کے ممبران کو تربیت بھی دی جارہی ہے۔

اجلاس میں محکمہ لائیو سٹاک، فشریز، خوراک ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و نمائندگان نے اپنے اپنے محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر رفیق، ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈپٹی ڈی ای او سجاد بھابھہ، محکمہ خوراک سے بن یامین، محکمہ زراعت سے فاروق احمد، لائیو سٹاک سے ڈاکٹر عدنان اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے عابد فاروق نے شرکت کی۔