سائبر سکیورٹی سے متعلق ایک مشترکہ اتھارٹی بنانے پر کام ہو رہا ہے جس کے تحت تمام ادارے مل کر کام کریں گے، ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان کا جواب

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ سائبر سکیورٹی سے متعلق ایک مشترکہ اتھارٹی بنانے پر کام ہو رہا ہے جس کے تحت تمام ادارے مل کر کام کریں گے، ملک میں سائبر مواصلات کی سکیورٹی اور آپریشن کی نگرانی کے لئے ایک طریقہ کار موجود ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کے سوال پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ حکومتی تنظیموں کے اندر کمیونیکیشن اور آئی ٹی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے، پی ٹی اے آئی ٹی آڈٹ کے ذریعے متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں، سائبر سازو سامان کی شمولیت کے لئے سرٹیفکیشن اور سرکاری اور نجی اداروں میں نصب آئی ٹی سازو سامان کی سکیورٹی استعداد کے آڈٹ کے اشتراک سے بھی سکیورٹی عمل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کے ڈھانچہ کی مسلسل نگرانی، سائبر حملوں، وائر لیس پروگرام کے بارے میں حکومتی محکموں کے ساتھ ایڈوائزریز کے ذریعے معلومات کے تبادلے کا نظام موجود ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے پی ٹی اے سمیت کئی ادارے کام کر رہے ہیں، ایف آئی اے بھی سائبر کرائم کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، ویب سائٹ کی بندش کے ضمن میں پی ٹی اے کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی سے متعلق ایک مشترکہ اتھارٹی بنانے پر کام ہو رہا ہے جس کے تحت تمام ادارے مل کر کام کریں گے۔