اراضی ریکارڈ سنٹربورے والا میں عملہ کی شدید کمی سے سائلین مشکلات کا شکار

منگل 22 جنوری 2019 19:10

بورے والا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) اراضی ریکارڈ سنٹربورے والا میں عملہ کی شدید کمی کے باعث بورے والا تحصیل کے دور دراز سے آنے والے سائلین رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے ریونیوریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنے کے بعد بورے والا میں کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے سنٹر سے لوگوں کو اپنی فردات کے حصول اور انتقالات اراضی کے اندراج کے سلسلہ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

دور دراز دیہات اور شہر بھر سے آنے والے عوام کو عدالتوں سے اپنی ضمانتیں کروانے کے لیے فردات کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ جائیداد کی خریدوفروخت کے لیے انتقالات کروانا ہوتے ہیں مگر لمحہ فکریہ ہے کہ بورے والا اراضی ریکارڈ سنٹر میں قائم کئے گئے 17منظور شدہ کا ونٹرز میں سے صرف سات کائونٹر کام کر رہے ہیں، عملہ کی کمی کی وجہ سے سارا دن ٹوکن حاصل کر کے قطاروں میں کھڑے ضرورت مند شام کو مایوس اور وہاں موجود عملہ سے لڑ جھگڑ کر گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اور یہ معمول گذشتہ کئی ماہ سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

عوامی سماجی سیاسی اور شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی ملتان اور ڈی جی لینڈ ریکارڈ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ بورے والا کے عوام کو اس پریشانی اور دقت سے نجات دلانے کے لیے فوری طور پر عملہ کی کمی کو پورا کیا جائے ۔