سانحہ ساہیوال میں متاثرہ خلیل کے خاندان کاتحقیقات میں پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار

قاتل اہلکاروں کو مکمل تحفظ دیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ خاندان سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے ‘خلیل کے بھائی جلیل کی پریس کانفرنس

جمعہ 25 جنوری 2019 22:21

سانحہ ساہیوال میں متاثرہ خلیل کے خاندان کاتحقیقات میں پیش رفت پر عدم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2019ء) سانحہ ساہیوال میں متاثرہ خلیل کے خاندان نے تحقیقات میں پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ قاتل اہلکاروں کو مکمل تحفظ دیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ خاندان سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے ۔اپنے وکیل شہباز بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے کہا کہ صدرِ مملکت عارف علوی اور چیئرمین سینٹ نے ان کے خاندان سے خصوصی ملاقات کے لئے اسلام آباد بلوایا لیکن وہاں پہنچ کر علم ہوا کہ صدرِ مملکت کراچی کے دورے پر ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کا خاندان اسلام آباد کی سڑکوں پر خوار ہو رہا ہے ۔ حکومت واقعہ میں سنجیدگی دکھانے کے بجائے متاثرہ خاندان کا تماشا بنا رہی ہے ۔جلیل کے وکیل شہباز بخاری نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے قاتل اہلکاروں کو مکمل تحفظ فراہم ہے، 5 اہلکاروں کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا گیا ہے، دیگر اہلکار گرفتار کیوں نہیں کئے گئی ۔ واقعہ میں ملوث دیگر 11 اہلکاروں کو بھی فوری گرفتار کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ اگر حکومت اور تحقیقاتی اداروں کی جانب سے دو روز میں اہم پیش رفت نہ کی گئی ۔ تو پیر کے روز وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔