سپورٹس بورڈ پنجاب ہمیشہ کی طرح پی ایس ایل4 کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون کریگا‘ندیم سرور

نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں شائقین کرکٹ کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، محکمہ صحت کے تعاون سے عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں کرکٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے، پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے کرکٹ کو فروغ ملے گا‘ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب

جمعہ 8 فروری 2019 16:57

سپورٹس بورڈ پنجاب ہمیشہ کی طرح پی ایس ایل4 کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ پی ایس ایل4 ( پاکستان سپر لیگ) کا انعقاد خوش آئند ہے، غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب ہمیشہ کی طرح پی ایس ایل4 کے انعقاد کے لئے مکمل تعاون کرے گا اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں شائقین کرکٹ کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں محکمہ صحت کے تعاون سے عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا، جمعتہ المبارک کے روز اپنے ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ پی ایس ایل کے مسلسل انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج ابھرا ہے اور کرکٹ کے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے، پی ایس ایل4 میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ پی ایس ایل میں شائقین کرکٹ کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں، پی ایس ایل فور میں بھی شائقین کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں محکمہ صحت کے تعاون سے عارضی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا جس میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کرکٹ کے فروغ کے لئے سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں کرکٹ کے کھیل کو بھی شامل کیا ہے تاکہ گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی تلاش کئے جائیں اور ان کی تربیت کرکے سٹار کھلاڑی پید اکئے جا سکیں۔