صوبائی حکومت نے بلین ٹری سونامی کے ذریعے شجر کاری کا بہترین اسلوب متعارف کروایا ،فیاض خان

اتوار 10 فروری 2019 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2019ء) ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد فیاض خان شیرپاؤ نے الپوری کے مقام پر سوات یونیورسٹی کے شانگلہ کیمپس میں ضلعی انتظامیہ اور یونیورسٹی حکام کی موجودگی میں دیودار کا پودا لگا کر ضلع میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درخت درحقیقت آکسیجن کے کارخانے ہیں لوگوں کو چاہئے کہ کھلے میدانوں اور فالتو جگہ کے علاؤہ اپنے گھروں، مساجد اور حجروں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آکسیجن کی کمی دور کریں اور اس طرح شجرکاری مہم میں حکومت کے ساتھ عملی طور پر شریک ہوں انہوں نے کہا کہ شجرکاری کی افادیت مسلمہ ہے ،صوبائی حکومت نے بلین ٹری سونامی کے ذریعے شجر کاری کا بہترین اسلوب متعارف کروایا جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عوامی شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ شجرکاری انسانی بقاء کیلئے بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ درخت بے شمار طریقوں سے ہمیں معاشی اور معاشرتی طور پر فائدہ پہنچاتے ہیں توانائی کا حصول ہو زمینی کٹاؤ سے بچاؤ کا عمل ہو یا آندھیاں، طوفان، سیلاب اور دیگر ارضی و سماوی آفات ہوں درخت اِن سب کے خلاف ڈھال کا کام دیتے ہیں اس کے علاوہ درخت موسمیاتی تغیرات کے اثرا ت کو بہت حد تک کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت شجرکاری کیلئے ہر سال خطیر رقم مختص کرتی ہے لیکن شجر کاری کو اپنی ثقافت کا حصہ بنا کر ہم ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں انہوں نے عوام باالخصوص کاشتکاروں، نوجوانوں اور علماء سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اس میں بھرپور حصہ لیں۔