گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے پاور عمر ایوب خان سے ارکان اسمبلی کی ملاقات

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار

پیر 11 فروری 2019 21:03

گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے پاور عمر ایوب خان سے ارکان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے پاور عمر ایوب خان سے ارکان قومی و صوبائی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں حیسکو ، سیپکو اور کے الیکٹرک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر وفاقی وزیر برائے پاور نے اراکین اسمبلی کے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

اجلاس میں گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کی بلاتفریق خدمت موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ، گیس کاحالیہ بحران وقتی ہے جسے جلد حل کرلیا جائے گا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور عمر ایوب خان نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی لانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ،ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث بجلی بحران پیدا ہوا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ مربوط انرجی پالیسی وضع کی جائے تاکہ بجلی کی ترسیل کا موئثر نظام ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی عوام کو مسائل حل کرنے کے لئے سندھ اسمبلی میں آواز بلند کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات حاصل ہو سکیں ۔