دُبئی: پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور لُوٹ مار کے الزام میں گرفتار

ملزم نے اپنی ٹیکسی میں سوار یورپی خاتون کا موبائل چھینا اور مار پیٹ بھی کی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 فروری 2019 17:09

دُبئی: پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور لُوٹ مار کے الزام میں گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری 2019ء) پولیس نے ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو ایک خاتون مسافر پر حملہ کرنے اور اس کا موبائل فون چُرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں استغاثہ نے 30 سالہ ملزم پر الزام عائد کیا کہ اُس نے اپنی ٹیکسی میں سوار یورپی خاتون پر حملہ کر کے اُس کا موبائل فون چھین لین۔ جب خاتون نے مزاحمت کی کوشش کی تو اُسے دانتوں سے کاٹ لیا۔

ملزم نے اپنے خلاف لُوٹ مار کا الزام ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ سال اگست کے مہینے میں پیش آیا تھا جس کی رپورٹ البرشا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی۔ یورپی خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اُس نے شیخ زاید روڈ پر واقع بینک کے باہر سے ایک ٹیکسی لی۔ اُس کی ایک سہیلی بھی ساتھ تھی۔ اُنہیں Tecom جانا تھا۔

(جاری ہے)

رستے میں اُنہیں احساس ہوا کہ ڈرائیور زیادہ پیسے بنانے کے چکر میں اُنہیں سیدھے راستے سے لے جانے کی بجائے لمبے راستے سے لے جا رہا تھا۔

جب انہوں نے ڈرائیور سے اس بے ایمانی پر بحث کی تو وہ یہ بات ماننے پر تیار نہ ہوا۔ اسی دوران اُس کی سہیلی نے ٹیکسی میں قے کر دی۔ جس پر ڈرائیور اچانک طیش میں آ گیا اور اُس نے گاڑی البرشا میں ایک گھر کے باہر روک دی اور اُنہیں ٹیکسی سے باہر آنے کو کہا۔ دونوں خواتین نے اس پر احتجاج کیا اور پولیس کو سارے معاملے سے آگاہ کرنے کے لیے کال ملانا چاہی تو ملزم نے یورپی خاتون کے ہاتھ سے موبائل فون چھین لیا۔

اس دوران ملزم نے خاتون کے کندھے پر اپنے دانت بھی گاڑ دیئے اور پھر اُسے دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔خاتون کو اپنی چوٹوں کی مرہم پٹی کروانے کے لیے اسپتال بھی جانا پڑا۔ پولیس نے اس واقعے کی شکایت ملنے پر ٹریکنگ کے بعد 45 کے قریب مشتبہ ٹیکسی ڈرائیوروں کو پولیس اسٹیشن بُلا لیا۔ جہاں خاتون نے اصل قصور وار کو شناخت کر لیا۔ س مقدمے کا فیصلہ 27 فروری 2019ء کو سُنایا جائے گا۔