فیاض الحسن چوہان کو صرف ماہرِ نفسیات کی ضرورت ہے، مرتضیٰ وہاب

اکیسویں صدی میں جادو ٹونہ کی باتیں کرنا پبلسٹی کا چھچور پن ہے، مشیر اطلاعات سندھ

جمعہ 15 فروری 2019 21:58

فیاض الحسن چوہان کو صرف ماہرِ نفسیات کی ضرورت ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب اس وقت شدید نفسیاتی عارضہ میں مبتلا ہیں ان کو صرف ماہرِ نفسیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی کے جدید دور میں فیاض الحسن چوہان جادو ٹونہ کی باتیں کرکے اپنے آپ کو خبروں میں زندہ رکھنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں جسے صرف پبلسٹی کے چھچھور پن کا نام دیا جاسکتا ہے ان کے لیے بہتر ہوگا کہ اپنے جادو ٹونہ کے توڑ کے لیے میڈیا کے بجائے بنی گالا سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان کا ظاہر باطن منافقت اور دشمنی پر ہو تو انسان کے دماغ میں منفی کیمیائی تعاملات ہوتے ہیں اور انسان اپنے آپ کو واہموں میں مبتلا کر دیتا ہے جس کا علاج صرف ماہرِ نفسیات بہتر طور پر تجویز کرسکتے ہیں افسوس کا مقام ہے کہ اس طرح کی بیمار ذہنیت کے مریض سیاست کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بڑی تعداد ان ذہنی و نفسیاتی امراض میں گرفتار ہے جو صرف باتیں کر سکتے ہیں اور عملی کام کرنے کے لیے ان کی کارکردگی صفر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیاض الحسن چوہان کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ سیاست کا میدان ترک کر کے پہلے اپنا علاج معالجہ کرائیں اور اپنی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں جس کا اظہار وہ اپنی زبان میں مستقل کرتے رہتے ہیں۔ کسی شخص کا اندازِ گفتگو ہی اس کے باطن کا عکس ہوتا ہے۔