سعودی عرب میں نوسر باز سر گرم ہو گئے

دھوکے بازوں نے ایک سعودی تاجر کے اکاؤنٹ سے پانچ لاکھ ریال نکلوا لئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 فروری 2019 17:26

سعودی عرب میں نوسر باز سر گرم ہو گئے
جازان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20فروری 2019ء ) سعودی عرب میں اس وقت نوسربازوں کا ایک گروہ سرگرم ہے جو لوگوں سے اُن کے بینک اکاؤنٹ سے متعلق خفیہ کوائف معلوم کر کے اُنہیں بھاری رقم سے محروم کر دیتے ہیں۔ سعودی بینکوں کے ترجمان طلعت حافظ نے خبردار کیا کہ تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو یہ اطلاع دی جا چکی ہے کہ کسی بھی بینک کا کوئی اہلکار، کسی صورت بھی اُن سے ٹیلی فون پر اکاؤنٹ سے متعلق خفیہ معلومات طلب نہیں کرتا۔

اس لیے عوام کو ایسے نوسربازروں سے ہوشیار رہنا چاہیے جو خود کو بینک کا نمائندہ بتا کر لوگوں سے اکاؤنٹ کا خفیہ پن کوڈ حاصل کرتے ہیں اور پھر اکاؤنٹ میں پڑی رقم نکال لیتے ہیں۔ یہ دھوکے باز واٹس ایپ پر رابطہ کر کے مختلف عنوانوں سے نجی کوائف اور کھاتے کی تفصیلات مانگتے ہیں، انہیں کسی بھی صورت اکاؤنٹ سے متعلق معلومات فراہم نہ کی جائیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی شخص ان پر اعتبار کر کے اپنے نجی کوائف ظاہر کر دیتا ہے تو وہ دھوکا دہی کی صورت میں خود ہی ذمہ دار ہو گا اور متعلقہ بینک پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہو گی۔ اکثر دھوکے باز بینک کے نام سے جعلی ایس ایم ایس بھیجتے ہیں جس میں لکھا ہوتا ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات اپ ڈیٹ کروا لی جائیں ورنہ اے ٹی ایم سروس بلاک کر دی جائے گی۔ حالانکہ اگر کسی اکاؤنٹ ہولڈر نے اپنا ایڈریس درج نہ کروایا ہو تو بھی اس کا اکاؤنٹ نہ تو منجمد ہو گا، نہ منسوخ ہو گا اور نہ ہی بند کیا جائے گا۔

صرف نئی بینک سروسز کے حصول میں اُسے اُس وقت تک دُشواری پیش آئے گی جب تک وہ اپنا ایڈریس کا اندراج نہیں کروا لیتا۔ حال ہی میں جازان کے علاقے العارضہ کمشنری میں ایک شہری نوسربازوں کی باتوں پر یقین کر کے اُنہیں اپنا اے ٹی ایم کارڈ کی خفیہ معلومات فراہم کر بیٹھا جس کے بعد اُس کے اکاؤنٹ سے پانچ لاکھ ریال کی خطیر رقم نکال لی گئی۔

متعلقہ عنوان :