پی ایس ایل 4، کراچی کنگزنے ملتان سلطانزکو 5وکٹوں سے شکست دیدی

ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل سے باہر، لیونگ سٹون کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 مارچ 2019 00:35

پی ایس ایل 4، کراچی کنگزنے ملتان سلطانزکو 5وکٹوں سے شکست دیدی
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مارچ 2019ء) پی ایس ایل کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو5وکٹوں سے شکست دیدی ۔ ملتان سلطانز کے119رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے لیے کولن منرو اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم منرو 11اور بابر12رنز بنا کرمحمد الیاس کا شکار بن گئے ،کولن انگرام اور لیام لیونگ سٹون کے درمیان46رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد انگرام31رنز بنا محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے،افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے محمد عباس کی دوسری وکٹ بنے،محمد رضوان اور لیونگ سٹون نے 30رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد رضوان10رنز بنا محمد الیاس کی تیسری وکٹ بنے،لیونگ سٹون نے 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی ۔

اس سے قبل ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صدیق اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عمر صدیق صرف5رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جونسن چارلس بھی صرف 7رنز بناکر عثمان شنواری کا دوسرا شکار بنے،جیمز ونس اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کے لیے 27رنز جوڑے جس کے بعد ونس 26رنز سکور کرکے پوویلین لوٹ گئے ،شعیب ملک اور حماد اعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے31رنز جوڑے جس کے بعد شعیب ملک26رنز بنا کر عمر خان کا دوسرا شکار بن گئے،ڈینیئل کرسٹیان صرف 5رنز بنا کر عمر خان کی تیسری وکٹ بن گئے ،حماد اعظم کی مزاحمت29رنز تک محدود رہی ،وہ عثمان شنواری کا شکار بنے ، محمد عرفان بھی شنواری کی اگلی ہی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ، گرین 18 اور محمد الیاس 3 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

کنگز کی جانب سے سب سے کامیاب بولرعثمان شنواری رہے جنہوں نے طوفانی باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عمر خان نے 3 شکار کیے۔کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں محمد عامر کی خدمات میسر نہیں ہیں،پیسر والدہ کی علالت کے باعث وطن واپس آرہے ہیں۔ملتان سلطانزکی ٹیم آج کے میچ میں شکست کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے کوالیفائرز سے باہر ہوگئی ہے ۔