دُبئی میں مقیم پاکستانی بھیڑیں چوری کرنے پر گرفتار

تینوں ملزمان نے بھیڑیں چُرا کر شارجہ میں بیچ دی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 مارچ 2019 12:44

دُبئی میں مقیم پاکستانی بھیڑیں چوری کرنے پر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 مارچ 2019ء ) پولیس نے تین پاکستانیوں کو بھیڑیں چُرا کر فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ان تینوں پاکستانیوں کی عمریں25 سے34 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ مقدمے کی سماعت کی دوران استغاثہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ تینوں ملزمان نے دُبئی میں ایک لائیو سٹاک فارم سے 9 بھیڑیں چُرائیں اور پھر انہیں شارجہ لے جا کرساڑھے بائیس ہزار درہم کے عوض فروخت کر دیا۔

ملزمان نے فارم ہاؤس میں داخلے کے لیے لوہے کی باڑوں کو دھاتی قینچیوں کی مدد سے کاٹا اور پھر اپنی واردات انجام دینے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ اس واقعے کی اطلاع لہباب پولیس اسٹیشن میں کروائی گئی۔ ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ یہ واقعہ 12 نومبر 2018ء کو ال اویر کے ایک فارم میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ چُرائی گئی بھیڑیں قریب ہی واقع ایک اور فارم پر بھی دیکھی گئی تھیں۔

جس پر پولیس نے اس فارم کے ملازمین سے تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ فارم ہاؤس کا ایک پاکستانی ملازم اس واردات میں ملوث ہے، جس نے یہ بھیڑیں کچھ دِن اپنے فارم ہاؤس پر رکھوائی تھیں۔ جنہیں بعد میں شارجہ کی مویشی منڈی میں ساڑھے بائیس ہزار درہم کے عوض فروخت کر دیا گیا تھا۔ ان تینوں نے چوری کی بھیڑوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم مساوی طور پر بانٹ لی تھی۔ اس مقدمے کا فیصلہ 18 مارچ 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :