آفتاب صدیقی کی کمشنر کراچی سے ملاقات، شہریوں کے مسائل سے آگاہ کیا

پانی کا بحران، کچرے کے ڈھیر اور اوورہیڈ برج سے مختلف مسائل پر بات چیت کی، کمشنر کی ہرممکن تعاون کی یقینی دہانی

بدھ 6 مارچ 2019 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اورحلقہ این اے 247 سے ایم این اے آفتاب صدیقی نے کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا، ڈپٹی کمشنر جنوبی سیدصلاح الدین احمد بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ توقیر احمد اور علی رضا آفتاب صدیقی کے ہمراہ تھے۔

آفتاب صدیقی نے پانی کے بحران،گزری برج کے نیچے کچرے کے ڈھیر،تجاوزات، کلفٹن بلاک ٹو میں رہائشی علاقوں میں گاڑیوں کے گیراج کی غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کے صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں، گیراج مالکان کو نوٹس جاری اور کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے بخت ٹاور کے ساتھ تعمیر کی گئی غیرقانونی دیوار کو منہدم کرنے کے حوالے سے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ عوام سروس روڈ استعمال کرنے کا حق استعمال کرسکیں،نیز مائی کلاچی روڈ پر ہجرت کالونی کی طرف سے عوا م کی سہولت کے لیے اوورہیڈبرج بھی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں میں سوک سینس اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، کمشنر کراچی کے ساتھ مل کر مہم چلائیں گے اورجابجا آویزاں پوسٹرز اور بینرزجو شہر کی خوبصورتی کو خراب کرتے ہیں، ان کو صاف کیا جائے گا،اس کا آغاز ڈسٹرکٹ جنوبی سے ہوگا۔ کمشنر کراچی نے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور میٹروپول ریڈ زون کو بہتر بنانے کی تجاویز دیں۔کمشنر کراچی نے ایم این اے آفتاب صدیقی سے کراچی پیکج کے حصول کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔