کوئٹہ،وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے گیارھویں اجلاس

نیشنل ایکشن پلان میں شامل تمام نکات پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کی برداشت کی حد صفر ہوگی دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور دہشت گردتنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

منگل 12 مارچ 2019 22:12

کوئٹہ،وزیراعلیٰ جام کمال خان کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے گیارھویں اجلاس
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایپکس کمیٹی کے گیارھویں اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں شامل تمام نکات پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کی برداشت کی حد صفر ہوگی دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور دہشت گردتنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ عاصم سلیم باجوہ،چیف سیکریٹری بلوچستان اختر نذیر اور سول اور عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی سالمیت اور قومی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کو روکنے اور ریاست کے بیانیہ کو موثر طور پر اجاگر کرنے سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اس حوالے سے فوری طور پر اقدامات کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے سیکیورٹی اداروںاور متعلقہ محکموں کو مربوط روابط کے قیام کے ذریعہ جاری اقدامات اور کاروائیوں کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ سرحدوں اور قومی شاہراہوں کی موثر سیکیورٹی امن کی ضمانت فراہم کرے گی، ایپکس کمیٹی نے سیکیورٹی اداروںکی قربانیوں اور کاوشوں سے امن وامان کی صورتحال کی بہتری دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور عمومی جرائم کی کمی پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپاٹمنٹ کے دائرہ کار کو صوبہ کی سطح تک بڑھانے، پراسیکیوشن کے نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے، سائبر کرائم کی روک تھام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے اور متعلقہ اداروں کو ان پر فوری طور پر عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی گئی، اجلاس کو کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کی پیشرفت اورگوادر سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرکے ان پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا، اجلاس میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے 22سو سے زائد افراد کو ہنرمند بناکر مختلف شعبوں میں روزگار کے حصول کے قابل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کے لئے صوبائی حکومت اور پاک فوج مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایپکس کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔