پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کی امید ظاہر کر دی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 مئی 2024 21:56

پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء) پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کی امید ظاہر کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 16 مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 6 ڈالرز سے زائد کی بڑی کمی ہوئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 سے 12 روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 30 اپریل کو بھی پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

حکومت نے فی لیٹرپیٹرول کی قیمت میں 5.45 روپے اورہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.42 روپے کمی کانوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے 30 اپریل کو جاری نوٹیفیکشن کے مطابق اپریل کے آخری دوہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا۔اوگرا نے بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولئیم مصنوعات کی صارفین کیلئے قیمتوں کے رحجان کا جائزہ لیا۔ یکم مئی سے فی لیٹرپیٹرول 5.45 روپے کے کمی کے بعد 288.49روپے اورہائی سپیڈڈیزل 8.42 روپے کمی کے بعد 281.96 روپے ہوگئی۔

اوگرا کی جانب سے مئی کے ماہ کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں بھی 11 روپے سے زائد کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی کلو کمی کی جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 238 روپے مقرر کردی گئی۔ کمی کے بعد ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 140 روپے کی کمی ہوئی اور قیمت دو ہزار 813 روپے مقرر ہوگئی۔ تاہم واضح رہے کہ ملک کے کسی علاقے میں اوگرا کے اعلان کردہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب نہیں ہے۔ ملک بھر میں ایل پی جی کی اوسط قیمت 300 روپے سے زائد چارج کی جا رہی ہے۔