کنزیومر کورٹس صارفین کے حقوق کی ضامن ہوں گی، مرتضی وہاب

صارفین اور تیار کنندگان کے مابین کنزیومر کورٹس کا فعال ہونا خوش آئند ہے، مشیر اطلاعات

جمعرات 14 مارچ 2019 21:55

کنزیومر کورٹس صارفین کے حقوق کی ضامن ہوں گی، مرتضی وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بہت جلد کنزیومر کورٹس کو بھرپور طریقہ سے فعال کرے گی جس سے صارفین اور تیار کنندگان کے مابین خلیج مٹ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج" عالمی یومِ حقوق برائے صارفینکی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ضلعی سطح پر ستائیس کنزیومر کورٹس کو تشکیل دیا ہے جس میں بہت جلد مجسٹریٹ اور عدالتی عملہ کا تقرر کیا جارہا ہے یہ کنزیومر کورٹس اپنی فعالیت کے بعد صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے بھرپور کام کریں گی اور ان کے حقوق کی حفاظت کی ضامن ہوں گی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ کنزیومر کورٹس میں شکایات کو انسانی حقوق کے لحاظ سے ترجیح دی جائے گی جس میں سرفہرست غذائی اشیااور انسانی صحت کے متعلق معاملات کو دیکھا جائے گا ان کنزیومر کورٹس میں صارفین کے لیے پراڈکٹس کے تیار کنندگان بھی ان عدالتوں میں جواب دہ ہوں گیانہوں نے مزید کہا کہ عوام کے روز مرہ استعمال میں آنے والی اشیاکے میعار اور حفظان صحت کے اصولوں سے انحرافی بھی صارفین کی جانب قابلِ شکایات سمجھیں جائیں گی مزید برآں ان اشیاکے نرخوں میں اضافہ بھی صارفین کی آرا کے بغیر کیا جائے یہ بھی غیر اخلاقی امر میں شمار ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج صارفین حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد سماجی شعور میں اضافہ کرنا ہے جو کسی بھی مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرہ کی شناخت ہے۔ صارفین بھی ہم اور آپ ہیں ان میں کسی کو مالی حالت پر فوقیت حاصل نہیں ، روز مرہ کی اشیاہم اور آپ سب استعمال کرتے ہیں ان اشیاکے میعار اور قیمت پر سوال اٹھانا ہر انسان کا حق ہے جو انسانی حقوق کے زمرے میں آتا ہے اس حق کی حفاظت اور صارف کے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کے حل کے لیے حکومت سندھ نے اس اہم نکتہ کی طرف مثبت قدم اٹھایا ہے لہذا ہماری اور آپ سب کی یہ مشترکہ زمہ داری ہے کہ اس اقدام کا خیر مقدم کریں اور حکومت سندھ کی جانب سے قائم کیئے گئے کنزیومر کورٹس کے لیے اپنی تجاویز اور آراسے ہمیں مستفید کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ میں مزید اصلاحات کے لیے تیار ہے نئی قانون سازی کرنے کے بجائے موجود قانون پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے ان اصلاحات کے لیے سول سوسائٹی نشاندہی کرے۔