لیڈی ہیلتھ مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئیں، پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا

مال روڈ کی بندش کیوجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں،حکومت مطالبات پورے ‘ مظاہرین

پیر 18 مارچ 2019 16:03

لیڈی ہیلتھ مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئیں، پنجاب اسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) لیڈی ہیلتھ اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئیں، لاہور سمیت مختلف اضلاع سے آنیو الی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،مال روڈ کی بندش کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرزصبح سویرے پنجاب اسمبلی کے سامنے جمع ہو گئیں اور چیئرنگ کراس چوک کو مکمل طور پر بند کر دیا ۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خواتین مظاہرین کے گرد سکیورٹی حصار بنا کر مال روڈ کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔

ٹریفک کا دبائو بڑھنے سے ملحقہ شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں اور شہری مظاہرین کو کوستے رے ۔لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے کو پورا نہیں کر رہی ،ہمارے سکیلز اپ گریڈ اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔