مشیر وزیراعلی پنجاب چوہدری اکرم کے ڈی ایچ اے فیز1کے مختلف اسٹورز پر چھاپے

الفتح سٹوراور بسم اللہ سٹور کو آڑھے ہاتھوں لیا، متعدد دکانوں کو وارننگ اور بھاری جرمانے بھی کئے

پیر 18 مارچ 2019 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے سیاسی اموروکنوینئر ٹاسک فورس آن پرائس کنٹرول چوہدری ا کرم کے رات گئے ڈی ایچ اے فیز 1میں مختلف اسٹورز اور فروٹس کی دکانوں پر اچانک چھاپے ۔چھاپوں کے دوران متعدد د کانداروں کو بھاری جرمانے جبکہ کئی دکانداروں کو آخری وارننگ بھی دی۔چوہدری اکرم نے بسم اللہ سٹور اور الفتح اسٹور مالکان کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بڑے ناموں کی وجہ سے عوام آپ پر ذیادہ بھروسہ کرتی ہے مگر صفائی و ستھرائی اور قیمتوں میں فرق ڈالا گیا تو بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

اس موقع پر ڈی ایچ اے رہائشی ایسوسی ایشن کے صدر روحیل اکرام ،چیئرمین پرائس کمیٹی عبدالخالق اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی پہنچ گئے اور انہوں نے چوہدری اکرم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر اسی طرح آپ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جا ری رکھیں گے تو یقینی طور پر وہ تبدیلی نظر آنا شروع ہو جائیگی ،جس کے لئے عوام کی بہت بڑی تعداد نے تحریک انصاف کو ووٹ دیئے تھے۔چوہدری اکرم نے تمام لوگوں کو یقین دلایا کہ یہ جہاد تب تک جا ری رہے گاجب تک گراں فروشوں کی عقل ٹھکانے نہیں آجاتی اور یہ جہاد لاہور سے شروع ہوکر پورے پنجاب میں پھیلے گاتاکہ عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف مل سکے۔