پنجاب پولیس کے نئے کورسز میں افسران کو بہترین جسمانی تربیت کے علاوہ دیگر کورسز بھی شامل کئے گئے ہیں‘ امجد جاوید سلیمی

تھانوں میں عوام دوست ماحول مہیا کرتے ہوئے بہترین انداز میں سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے ،کوئی بھی غیر قانونی احکامات دے تو اسے ہرگز نہ مانیں ‘ آئی جی پنجاب کی پاس آئوٹ ہونے والے افسروں کو ہدایت

پیر 18 مارچ 2019 23:30

پنجاب پولیس کے نئے کورسز میں افسران کو بہترین جسمانی تربیت کے علاوہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس میں شفاف انداز میں میرٹ پر بھرتیوںکو یقینی بناتے ہوئے زیر تربیت پولیس افسران و اہلکاروں کوجدیدتربیتی کورسز کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ تھانوں میں عوام دوست ماحول مہیا کرتے ہوئے بہترین انداز میں سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے ،اسی مقصد کے لئے پنجاب کے تمام ایس ایچ اوز کو بھی پابند کر دیا گیا ہے کہ تین سے پانچ بجے تک شہریوں کی شکایات سننے کے لئے تھانوں میں موجود رہیں جن کی مقررہ اوقات میں موجودگی کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے میں خود مانیٹر کر رہا ہوں،ہم پنجاب حکومت کے تعاون سے پولیس کلچر کو بہتر کر رہے ہیں اور میں آپ کو ہدایت دیتا ہوں کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران آپ کو کوئی بھی غیر قانونی احکامات دے تو اسے ہرگز نہ مانیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے پولیس کالج سہالہ میں217 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے 60ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا -تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سید اعجازحسین شاہ ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب طارق مسعود یاسین ، کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ احسان طفیل کے علاوہ پاس آؤٹ ہونے والے افسران کے اہل خانہ سمیت پولیس شہداء کے لواحقین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی - آئی جی پنجاب امجدجاوید سلیمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے افسران کوپبلک سروس کمشن کے ذریعے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے عہدے پربھرتی کیا گیاہے اور امید کرتا ہوں کہ اب تربیت مکمل ہونے کے بعد عملی میدان میں وہ بھرپور انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے - انہوں نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات ایک بڑا کام ہے جس پر بھرپور توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔

اب ہم 10 ہزار تفتیشی افسر مقرر کرنے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو انتہائی کم وقت میں ریلیف مل سکے ۔ تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام ،پولیس کمپلینٹ سیل 8787 ، پنجاب سیف سٹی پراجیکٹس اور پولیس خدمت مراکز جیسے پراجیکٹس کے علاوہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر بھرتی کر کے پنجاب پولیس عوامی خدمت کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے ۔آئی جی پنجاب نبے مزید کہا کہ نئے پولیس کورسز میں افسران کو بہترین جسمانی تربیت کے علاوہ عصر حاضر کے جدید تفتیشی علوم بشمول ڈیجیٹل فرانزک ، ہنگاموں سے نمٹنے، آئی ٹی سکلز، میڈیا مینجمنٹ اور کرائم کنٹرول اقدامات کی بھی تربیت دی گئی ہی-آئی جی پنجاب نے پاس آؤٹ ہونے والے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قرآنی احکامات کی روشنی میں ایسی جماعت بنیں جو بھلائی کا حکم دے اوربرائی سے روکے تاکہ معاشرے اور عوام الناس کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے ہوئے دنیاوی و آخروی زندگی کو بہتر بنا سکیں۔

کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ احسان طفیل نے اس موقع پر آئی جی پنجاب کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کالج سہالہ پاکستان کا صف اول کا تربیتی ادارہ ہے جس میں اب تک 90 ہزار سے زائد پولیس افسران تربیت حاصل کرچکے ہیں جن کا تعلق چاروں صوبوں کی پولیس ، ریلوے پولیس ، موٹر وے پولیس، نیب ، ایف آئی اے اور کسٹمز سے ہے - اس کے علاوہ زمبابوے، فلسطین، سری لنکا، گھانا، مالدیپ ، یوگنڈا، افغانستان اور موریشس کے پولیس افسران بھی یہاںتربیت حاصل کر چکے ہیں- انہوں نے بتایاکہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت پولیس کالج سہالہ میں 15ہزار پودے لگائے جا چکے ہیںجن کی مناسب نشو و نما کے لئے دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور موجودہ موسم بہار میں مزید پودے بھی لگائے جائیں گے ۔