ٹیسٹ رینکنگ ،ٹاپ 10بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ، محمد عباس کی ایک درجہ تنزلی

افغان ٹیم کے کھلاڑیوں کی پوزیشن میں بہتری،راشد خان کا67واں نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مارچ 2019 12:32

ٹیسٹ رینکنگ ،ٹاپ 10بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ، محمد عباس ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مارچ 2019ء) آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میں ہرانے والے افغان کرکٹرز کو آئی سی سی رینکنگ میں بہتری کا انعام مل گیا،مرد میدان رحمت شاہ 88 درجے کی طویل چھلانگ کے بعد 89 ویں پوزیشن پر فائز ہوگئے۔بیٹنگ کے شعبے میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ٹاپ پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جبکہ بہترین دس میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں کیونکہ بابراعظم کی 18 ویں پوزیشن سب سے بہتر ہے۔

باﺅلنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز سرفہرست ہیں جہاں پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس مزید ایک درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔آئی سی سی نے آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ کے اختتام پر جو تازہ ترین درجہ بندی جاری کی اس کے مطابق افغان بیٹسمین رحمت شاہ نے 88 درجے بہتری کے بعد 89 ویں پوزیشن پر جگہ بنا لی اور اپنے ملک کے درجہ بندی کے اعتبار سے بہترین بیٹسمین بھی بن گئے۔

(جاری ہے)

کپتان اصغر افغان 24 درجے ترقی کے بعد 106 ویں نمبر پر جا پہنچے۔ باﺅلنگ کے شعبے میں یامین احمد زئی کو چھ وکٹوں نے 45 درجے ترقی کے باعث 50 ویں نمبر پر پہنچا دیا جبکہ لیگ سپنر راشد خان نے پہلی مرتبہ پانچ وکٹوں کے کارنامے کی بدولت پچاس درجے پھلانگ کر 67ویں پوزیشن سنبھال لی۔آئرلینڈ کی جانب سے کیون اوبرائن کو چار درجے بہتری کے ساتھ 68 ویں درجے پر جگہ ملی جب کہ فاسٹ باﺅلر ٹم مرتاغ نے گیارہویں نمبر پر ففٹی بنا کر 59 سیڑھیاں طے کرتے ہوئے 140 واں نمبر حاصل کیا۔آئرش بیٹسمین اینڈی بالبیرنی اور باﺅلر سٹوارٹ تھامپسن کو بھی بہتری حاصل ہوئی۔