ہائیکورٹ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی

ْ احسن اقبال سیاسی جماعت کے رہنما ہیں ،سیاست نہیں تو کیا کرینگے ‘جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی

بدھ 20 مارچ 2019 14:52

ہائیکورٹ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی ۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ احسن اقبال نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے ڈیم فنڈ کی مہم پر خرچ آنے والی رقم وصول کرنے کا کہا، احسن اقبال نے سپریم کورٹ کے فل بنچ کے فیصلے کی نفی کر رہے ہیں۔

احسن اقبال عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیان بازی سے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، عدلیہ مخالف تقاریر پر لاہور ہائیکورٹ احسن اقبال کی غیر مشروط معافی قبول کر چکی ہے،: عدالتی احکامات کے باوجود عدلیہ مخالف بیان دینا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدلیہ سے متعلق بیان بازی پر احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوران سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ اب احسن اقبال نے کیا کہا ہی ۔جس پر اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ڈیم بنانے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کا فیصلہ ہے، احسن اقبال نے کہا کہ میاں ثاقب نثار نے اربوں روپے کی تشہیری مہم کی ۔ جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ احسن اقبال سیاسی جماعت کے رہنما ہیں وہ سیاست نہیں کریں گے تو کیا کرینگے ، اب تک کیا محنت ہوئی ہے کیا ڈیم بن گئے ہیں۔موصوف باہر پہنچے ہیں سنا ہے پی ٹی آئی کے تین ایم این اے بھی ساتھ ہیں، ایسا کچھ ہو گا تو لوگ پھر باتیں تو کریں گے۔جس کے بعد فاضل عدالت نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کر دی۔