قائد اعظم کی بصیرت اور آئین کی روشنی میں غیرمسلم پاکستانی برابر کے شہری ہیں‘شہباز شریف کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد

غیرمسلم پاکستانیوں کی خوشیاں ہمارے لئے اہم ہیں،ان کی عزت، وقار، تحفظ اور خوشحالی ہمیں بے حد عزیز ہے‘قائد حزب اختلاف کا پیغام

بدھ 20 مارچ 2019 16:15

قائد اعظم کی بصیرت اور آئین کی روشنی میں غیرمسلم پاکستانی برابر کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے ہندوبرادری کو ہولی کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے مل کر امن کے رنگ اور خوشیوں کی روشنیاں پھیلائیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیرمسلم پاکستانیوں کی خوشیاں ہمارے لئے اہم ہیں،ان کی عزت، وقار، تحفظ اور خوشحالی ہمیں بے حد عزیز ہے، پاکستانی ہندو برادری ملکی ترقی، خوشحالی اور دفاع میں اہم کردارادا کرتی آرہی ہے،سماجی شعبے میں ان کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم کی بصیرت اور آئین کی روشنی میں غیرمسلم پاکستانی برابر کے شہری ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن) غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ وفروغ کے لئے کردارادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی ہندوبرادری کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری کو خوشیوں کے رنگ یونہی ملتے رہیں۔وفاق پاکستان غیرمسلم پاکستانیوں کے رنگوں سے مل کر ایک گلدستہ بنتا ہے،ہندوبرادری دیگر غیرمسلم پاکستانیوں کی طرح وطن عزیز کی ترقی میں نمایاں کردارادا کررہی ہے ،پارلیمان میں بھی ان کی نمایاں آواز اور کردار تھا، ہے اور رہے گا۔دعا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ خوشیوں، امن اور خوشحالی سے ہمکنار ہوں۔