سندھ میں اگلے 5سالوں میں دو ارب درخت لگائیں گے، ملک امین اسلم

پی آئی اے ٹاؤن شپ میں شجر کاری کی تقریب سے ایئر مارشل ارشد ملک، وسیم اکرم، سرفراز احمد، نعیم قریشی و دیگر کا خطاب

بدھ 20 مارچ 2019 18:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) سندھ میں محکمہ جنگلات، نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ اور دیگر اداروں کے تعاون سے اگلے 5سالوں میں 2ارب درخت لگائے جائیں گے اور اس سلسلے میں ساری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں یہ بات موسمیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر ملک امین اسلم خان نے پی آئی اے ٹان شپ میں شجر کاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو ایئر مارشل ارشد ملک، کرکٹ کے نامور کھلاڑی وسیم اکرم، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، نیشنل فورم کے صدر محمد نعیم قریشی، پی آئی اے کے ڈائریکڑ اسپورٹس شعیب محمد، جی ایم اسپورٹس شعیب ڈھری، نیشنل فورم کی سیکریڑی جنرل رقیہ نعیم، انجنیئر ندیم اشرف، مصطفی طاہر، کھوکھر فورم کے میر محمد کھوکھر، اسکول کے اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم نے اس موقع پر کہا کہ پورے پاکستان میں اب تک 15کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں اور پی آئی اے کے تعاون سے بھی شجر کاری کریں گے۔انہوں نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کی کارگردگی کو سراہا۔پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے کے ٹان شپ ایریا، اطراف کی سڑکوں اور میدانوں میں شجرکاری کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وسیم اکرم اور سرفراز نے بچوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری میں بھرپور حصہ لیں۔فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے اس موقع پر بتایا کہ این ایف ای ایچ کی طرف سے موسم بہار کی شجرکاری گذشتہ ماہ سے مختلف جگہوں پر جاری ہے اور پی آئی اے کے علاقوں میں پارک اور میدانوں میں اس سیزن میں 5ہزار سے زائد درخت لگائیں جائیں گے اور عوام میں شعور بیدار کریں گے۔اس موقع پر تمام مہمانوں نے پارک میں بچوں کے ہمراہ پودے لگائے اور اسکول کا دورہ کیا۔