غرب اردن کے فلسطینی شہداء نے جانوں کے نذرانے دیکر قوم کو مسلح تحریک آزادی کی پشت پناہی کا پیغام دیا ہے، اسماعیل ھنیہ

قوم غزہ میں صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،صہیونی دشمن طاقت کے زور پر فلسطینی قوم کے حقوق نہیں دبا سکتا،تقریب سے خطاب

جمعرات 21 مارچ 2019 19:37

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ غرب اردن کے فلسطینی شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر قوم کو مسلح تحریک آزادی کی پشت پناہی کا پیغام دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعزیتی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ غرب اردن میں فلسطینی شہداء نے یہ پیغام دیا ہے کہ قوم کے پاس اپنے سلب شدہ حقوق کے حصول کیلئے مزاحمت کے سوا اور کوئی چارہ نہیں۔

(جاری ہے)

پوری قوم کو متحد ہو کر مزاحمت کی پش پناہ کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صہیونی دشمن طاقت کے استعمال سے فلسطینی قوم کے حقوق نہیں دبا سکتا۔ فلسطینی عشروں سے اپنے جائز اور دیرینہ حقوق کے حصول کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں ایک سال سے جاری تحریک حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی کے مطالبات اصولی ہیں۔ اس کے علاوہ پوری قوم غزہ میں صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی دشمن طاقت کے ذریعے فلسطینیوں کو نہیں دبا سکتا۔

متعلقہ عنوان :